فوجیوں کے انخلا کے باوجود جرمنی اور امریکا میں مذاکرات کی ضرورت ہے،جرمن وزارت دفاع
بھون (صباح نیوز)جرمن وزارت دفاع سے وابستہ ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ جرمنی سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد بھی برلن کو چاہیے کہ وہ امریکا کے ساتھ "قابل اعتماد بات چیت" جاری رکھے۔ جرمن ٹی وی کے مطابق جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ امریکا نے جرمنی سے فوجیوں کے انخلا کا جو منصوبہ پیش کیا ہے اس پر عمل درآمد کے باوجود بھی جرمنی اور واشنگٹن کے درمیان برابری کی سطح پر بات چیت کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں جرمن وزارت دفاع سے وابستہ اعلی عہدیدار تھامس سلبرہارن نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''ہمیں اعلی سطح پر قابل اعتماد بات چیت جاری رکھنی چاہیے۔ عشروں سے امریکی فوجیوں نے جرمنی اور یورپ میں کافی اچھا کام کیا ہے۔"سلبر ہارن کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا کو بھی اس بات کی وضاحت کرنے کی ضرورت ہے کہ آیا جرمنی سے فوجیوں کے انخلا اور پھر یورپ کے دیگر مقامات پر تعیناتی کے پیچھے اس کی واضح حکمت عملی کیا ہے۔