سیکٹر G-12 میں سرکاری اراضی پر بنائی مارکی کو آپریشن کر کے مسمار کر دیاگیا
اسلام آباد (وقائع نگار)سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کشمیر ہائی وے کے ساتھ سیکٹر G-12 میں سرکاری اراضی پر بنائی جانے والی مارکی کو آپریشن کر کے مسمار کر دیا۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بری امام، سیکٹر جی سیون، سیکٹر جی ایٹ اور مارگلہ ٹاؤن کے علاقوں میں بھی انسداد تجاوزات آپریشن کر کے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ ان آپریشنز میں سی ڈی اے کے علاوہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے معاونت کی جبکہ ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی ھیوی مشینری اس زیر تعمیر مارکی کو مسمار کرنے کے لیے استعمال کی گئی۔ قبل ازیں سرکاری اراضی پر بنائی جانیو الی اس مارکی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے آپریشن کر کے گرا دیا تھا تاہم مارکی کے مالکان نے اس کی دورباہ تعمیر شروع کر دی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے غیر قانونی تعمیرات کو روکنے کی ہدایات کو نظر انداز کر دیا جس پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے بھر پور انسداد تجاوزات آپریشن کر کے سرکاری اراضی پر بنائی جانے والی اس مارکی کو مسمار کر دیا جس کے لیے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی ھیوی مشینری کو استعمال میں لایا گیا۔ علاوہ ازیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ایک ٹیم نے بری امام کے علاقے میں سرکاری اراضی پر بنائی گئی غیر قانونی05 چار دیواریاں، 04کمرے، 04گیٹ، ایک عدد کچن اور 02باتھ روم گرا دیئے جبکہ سیکٹر G-7/2 میں واقع کچی آبادی نزد عوامی مارکیٹ میں ایک مکان کی چھت پرغیر قانونی طور پر زیر تعمیر کمرے کی دیواریں گرا دیں۔ اسی طرح اسلام آباد کے سیکٹر G-8/4میں واقع کچی آباد مشرف کالونی میں غیر قانونی جنک فوڈ شاپ کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ایک ٹیم نے مارگلہ ٹاؤن کی گلی نمبر50 میں سرکاری اراضی پر زیر تعمیر باؤنڈری وال کو بھی گرا دیا۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران اسلام آباد میں انسداد تجاوزات کے لیے موئثر مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں اور خصوصی ٹیمیں شفٹوں میں کام کر کے عید الاضحی کی تعطیلات میں مزید تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے تدارک کے لیے اپنے اپنے علاقوں کی کڑی نگرانی کریں