عمران فکرمند‘ کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: گورنر سندھ
کراچی ( نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے، پاک فوج، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے ساتھ مل کر شہر کو صاف کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیرصدارت کراچی کے مسائل سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیرعلی زیدی، چیئرمیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران میئر کراچی وسیم اختر، پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ شہر کی مجموعی صورتحال، نکاسی آب، صفائی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران این ڈی ایم اے کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل ندیم افضل نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کراچی کے لئے بہت زیادہ فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کسی بھی صورت میں کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی صفائی کی ذمہ داری کے ایم سی اور صوبائی حکومت کی ہے گزشتہ سال ایف ڈبلیو او کے ساتھ ملکر نالوں کا کچرا نکال دیا تھا کراچی کا کچرا نہیں اٹھایا جا رہا۔ ذمہ دار صوبائی حکومت ہے ان کو موٹرسائیکل چلانا آتی نہیں اور راکٹ چلانے کیلئے بیٹھ گئے ہیں۔ چنیسر گوٹھ کا ایم پی اے ٹی وی پر بڑی باتیں کرتا ہے۔ پولیس رپورٹ میں ہے سعید غنی بھائی کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ بلاول نے کبھی کوئی کام نہیں کیا۔ کبھی فضل الرحمان تو کبھی گل رحمان کے پاس جا رہے ہیں۔ بلاول اپنے والد کا پیٹ پھاڑنے والوں سے پارنٹرشپ کر رہا ہے۔ بارہ سال سے یہ لوگ سندھ پر مسلط ہیں۔ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کرائی گئیں مراد علی شاہ اومنی گروپ کی جے آئی ٹی کا جواب دیں۔ کراچی تباہ ہو رہا ہے یہ کیک کاٹ رہے ہیں۔ اے پی سی کیلئے ایک دوسرے کا کندھا استعمال کر رہے ہیں۔