کشمیر سے دستبردار ہو کر قوم کو بھاشن سے بہلایا جا رہا: چانڈیو
حیدرآباد (آن لائن) سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے دستبردار ہو کر اب قوم کو بھاشن سے بہلایا جا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی پاکستان کی تاریخ کے ناکام ترین وزیر خارجہ ہیں۔ ناکام عمران حکومت کے ناکام وزیر خارجہ کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے مودی کشمیر ہڑپ کر رہا ہے۔ 5 اگست کو قوم حکومت کی ناکام کشمیر پالیسی کی برسی منائے گی۔ شاہ محمود قریشی اور ان کے وزیر اعظم کا بڑا کارنامہ مودی کے سامنے جھک جانا ہے۔ قریشی صاحب آپ کا بڑا کارنامہ بھارتی دہشتگرد جاسوس کلبھوشن کو این آر او دینا ہے۔ کشمیر پالیسی ہو یا ملکی سیاست عمران خان مشرف کی پالیسی پر چل رہے ہیں۔ مشرف نے مقبوضہ کشمیر بھارت کے حوالے کرنے کی جو پالیسی دی عمران خان نے اس پر عمل کیا۔ وزیر خارجہ اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ تصادم کرنا چاہتے ہیں۔ قریشی صاحب سن لیں کہ بلاول بھٹو زرداری وقت کی آواز ہیں جسے کوئی بھی نہیں دبا سکے گا جبکہ بلاول بھٹو زرداری انکے جانشین ہیں جن کو آپ کے پیر و مرشد ضیاء الحق اور مشرف بھی دبا نہیں سکے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری طلوع ہو رہے ہیں جبکہ شاہ محمود آپ اور آپ کے نئے سلیکٹڈ قائد ڈوب رہے ہیں۔ ہم کلبھوشن پر سوال کرتے ہیں تو یہ طوطے کی طرح این آر او نہیں دیں گے کی رٹ لگا دیتے ہیں۔