عید پر500جنگجو رہا، افغان صدر، ہم بھی تمام قیدی آزاد کرچکے،ترجمان طالبان
کابل(نیٹ نیوز+نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں امن مذاکرات میں رکاوٹ ختم ہو گئی،عید پر افغان صدر نے 500قیدی رہا کردیئے جبکہ طالبان کی رہائی کے بدلے میں طالبان نے بھی افغان حکومت کی جانب سے ملنے والی فہرست کے تمام قیدی رہا کردئیے ہیں۔ افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ طالبان امریکا سے کیے گئے معاہدے کے مطابق طالبان نے افغان حکومت کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق تمام قیدی رہا کردیئے۔ معاہدے کے تحت مزید 82افغان قیدی رہاکئے گئے۔ طالبان نے افغان حکومت کے ایک ہزار5قیدی رہا کئے۔ادھر افغان صدر نے عیدالاضحی کے موقع پر 500 طالبان قیدی رہا کرنے کا اعلان کردیا۔عید الاضحی کے موقع پر قوم سے خطاب میں افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کی جانب سے عید کے دنوں میں سیز فائر کے اعلان کے جواب میں طالبان قیدی رہا کرنے کا حکم دیا۔افغان صدر نے کہا کہ ان قیدیوں کو اگلے چار روز کے دوران رہا کیا جائے گا اور رہا کیے جانے والے یہ 500 طالبان قیدی اس فہرست میں سے نہیں ہیں جو طالبان نے حکومت کو فراہم کی ہے۔افغان صدر کا کہنا تھا کہ طالبان کی فراہم کردہ فہرست میں 400 قیدی انتہائی سنگین جرائم میں ملوث ہیں جن کی رہائی کا اختیار بطور صدر ان کے پاس بھی نہیں ہے لہٰذا وہ اس معاملے پر جرگہ اور افغان قبائل سے مشورہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اور امن دونوں میں افغان حکومت کی پوزیشن مضبوط ہے۔