شاہ سلمان کامیاب سرجری کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج ،عید پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد
اسلام آباد+ ریاض (سپیشل رپورٹ+ صباح نیوز) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو کامیاب سرجری کے بعد ہسپتال سے رخصت کردیا گیا ہے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال ریاض سے رخصت کیا گیا ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پتے کا کامیاب آپریشن کیا گیا تھا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز 20 جولائی 2020 کو کنگ فیصل ہسپتال میں داخل ہوئے تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد عالمی لیڈروں اور سربراہان حکومت نے دوران علاج ان کی نہ صرف خیریت دریافت کی بلکہ نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عیدالاضحیٰ پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔ شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں اللہ رب العزت سے دعا کی ہے کہ وہ تمام حجاج کے حج کو قبولیت کا شرف بخشے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اللہ تعالیٰ سے دنیا سے کرونا وائرس کے خاتمے کی بھی دعا کی ہے۔