انگلش ٹیم نے گرین شرٹس پر دباؤ بڑھا دیا :رمیز راجہ
ملتان(سپورٹس ڈیسک) سابق قومی کپتان اور حالیہ کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف انگلش سائیڈ کی کامیابی نے گرین شرٹس پر دباؤ بڑھا دیا کیونکہ ایک ماہ سے انگلینڈ میں موجود قومی ٹیم حقیقی میچ پریکٹس سے محروم ہے۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم کو خبردار کیا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف فتح یاب انگلش ٹیم نے اپنی بہترین کارکردگی اور مثبت نتائج کی بدولت ان پر نفسیاتی برتری حاصل کرلی ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک ماہ سے انگلینڈ میں موجود گرین شرٹس نے کنڈیشنز سے ہم آہنگی حاصل کرلی جس کی نشاندہی انٹرا سکواڈ میچوں کے دوران بھی ہوئی لیکن وہ حقیقی میچ پریکٹس سے بدستور محروم ہیں لہٰذا انگلش باولنگ اٹیک انہیں سخت امتحان میں ڈال سکتا ہے۔ پہلے ٹیسٹ کیلئے میدان میں قدم رکھتے ہوئے انگلش ٹیم مقابلے کا آغاز ایڈوانٹیج کے ساتھ کرے گی۔