محکمہ زراعت کے زیر انتظام 21 لیبارٹریوں کی منظوری کرائی جاچکی : واصف خورشید
ملتان ( خبر نگار خصوصی)سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت پنجاب کے زیر انتظام 21 لیبارٹریوں کی آئی ایس او 17025کے تحت منظوری کرائی جاچکی ہے۔ جہاں پر فصلوں، پھلوں، سبزیوں، مٹی، پانی، کھادوں اور کیڑے مار ادویات کے مختلف ٹیسٹوں کی سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری و نیم سرکاری ادارے کاشتکار، امپورٹرز و ایکسپورٹرز، کھادوں و بیجوں کی پرائیویٹ کمپنیوں کیلئے بھی حکومت پنجاب کی مقرر کردہ سرکاری فیس پر زرعی نمونہ جات کے تجزیہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ روایتی سمیت غیر روایتی فصلوں کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ کے فروغ کیلئے حکومت پنجاب تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ دالوں کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ پر عملدرآمد کے نتیجہ میں تھل کے اضلاع بھکر، میانوالی اور لیہ کے کاشتکاروں میں پورٹیبل سولر اریگیشن سسٹم سبسڈی پر فراہمی جاری ہے۔ وزیراعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300 ارب روپے کی لاگت سے گندم، چاول، گنا اور تیلدار اجناس کی پیداوار میں اضافہ و دیگر منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔