بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے بارش کا نیا سسٹم ملک میں داخل، اسلام آباد میں موسلادھار بارش، مزیدبارش کی پیشگوئی:محکمہ موسمیات
اسلام آباد: بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے گردونواح میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہونے سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آچکے ہیں۔
مری، گلیات، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ اور مردان میں بھی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بارشوں سے برساتی اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ لینڈسلائیڈنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔
اٹک، جہلم، سیالکوٹ، گجرنوالہ، گجرات اور چکوال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے۔ راولا کوٹ باغ، کوٹلی، میرپور، منگلا سمیت آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے دوروز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مزیدبارش کی پیشگوئی کردی، ہزارہ، پشاور، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں اور کشمیر میں بھی بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ادھر کراچی میں ہونے والی موسلاھار بارشوں کے بعد نکاسی آب کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، سندھ کے دیگر شہروں سمیت حیدرآباد میں 188 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔