رائے ونڈ: کرنٹ لگنے سے میاں بیوی بیٹی سمیت جاں بحق‘ وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس
رائے ونڈ (نامہ نگار) کرنٹ لگنے سے سکیورٹی گارڈ بیوی اور بچی سمیت جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین کا 36سالہ سکیورٹی گارڈ وحید احمد کالج سے ملحقہ محلہ نیاز میراں میں زیر تعمیر اپنے مکان کی بالائی منزل کو پانی لگا رہا تھا مکان کو چھوکر گزرتی 11ہزار کے وی کی ننگی تاروں کو گیلا ڈنڈا لگنے پر کرنٹ آجانے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا، چیخوں کی آواز سن کر اوپر آنے والی بیوی 27سالہ رضوانہ بھی شوہر کو بچاتے چمٹ گئی، مکان میں کرنٹ آجانے سے گھر میں موجود معصوم 2سالہ بیٹی اشعل فاطمہ بھی موقع پر ہی دم توڑ گئی، ارد گرد کے مکانوں میں بھی کرنٹ کے جھٹکے لگے، کوئی جانی و مالی نقصان نہ ہوا، حادثہ کے بعد محلے داروں نے لیسکو کو اطلاع دیکر بجلی بند کروائی، تینوں کو مقامی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی ہسپتال لانے سے پہلے موت کی تصدیق کردی، معلوم ہوا کہ وحید احمد کالج سے رات کی ڈیوٹی کرکے ابھی گھر لوٹا ہی تھا کہ زیر تعمیر مکان کی بالائی منزل کی دیواروں کو پانی لگانے کیلئے اوپر چھت پر چلا گیا، جہاں وہ ایک ہاتھ سے پانی کے پائپ سے پانی کا چھڑکائو کررہا تھا‘ دوسرے ہاتھ میں پکڑے لکڑی کے بالے سے مکان کو چھوتی لیسکو کی ہیوی تاروں کو دور ہٹا رہا تھا لکڑی کا بالا گیلا ہونے سے اس میں کرنٹ آگیا، کرنٹ کی شدت سے پٹاخے نکلے اور چیخ و پکار کرتے وحید موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ متوفی کی تین بچیوں میں سے مرنے والی ایک گھر میں موجود تھی جبکہ دو سکول میں ہونے کے باعث محفوظ رہیں۔ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر راشدہ قرشی نے واقعہ پر افسوس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے لواحقین کی مالی امداد کی اپیل کی، وزیر اعلیٰ نے واقعہ کی اطلاع پر اظہار افسوس کیا، اسسٹنٹ کمشنر علی اکبر بھنڈر نے موقع ملاحظہ کیا اور وزیر اعلیٰ کی طرف سے لواحقین کیلئے 8لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا۔