پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پالپا کی جانب سے گوسلوپالیسی آٹھویں روز بھی جاری ہے، جس کے باعث اب تک پچاس کروڑ روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ آٹھ روز سے چونسٹھ کپتانوں اور فرسٹ آفیسرز نے پروازیں آپریٹ کرنے سے انکار کیا ہے، جس کے باعث ملکی و غیرملکی اکیاون پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، ترجمان کے مطابق کراچی سے پشاور، پشاور سے دبئی، دبئی سے پشاور اور پشاور سے کراچی کی پروازیں منسوخ ہونے سے پی آئی اے کو تقریباً پچاس کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے میں پائلٹوں کی ڈیوٹی کے اوقات قواعد و ضوابط کے مطابق ہیں، جبکہ پالپا کی ایگزیکٹو کمیٹی ذاتی مراعات کے حصول کے لئے قومی ایئرلائن کے بارے میں غلط معلومات پھیلارہی ہے، جس کا مقصد پی آئی اے انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر مراعات حاصل کرنا ہے۔