کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز شدید مندی دیکھی جا رہی ہے۔
آج جب مارکیٹ کھلی تو انڈیکس 29231 پر تھا اور آغاز میں کچھ دیر کیلئے تیزی بھی دیکھی گئی۔ تاہم یہ مثبت رحجان زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکا۔
مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر انڈیکس 29,307 پر پہنچ گیا تھا جو اب تک کی بلند ترین سطح رہی۔ کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے سبب تیزی کا رحجان زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکا اور انڈیکس میں تیزی سے نیچے آیا۔
اسٹاک مارکیٹ سے آخری خبریں آنے تک انڈیکس288 پوائنٹس کی کمی سے28,943 پر پہنچ گیا تھا اور22,826,567 شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 655,030,031 پاکستانی روپے رہی۔
گزشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس میں 1208 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ منگل کو کاروبار کے آغاز پر انڈیکس28 ہزار 23 پوائنٹس پر ہوا اور اختتام پر انڈیکس 29 ہزار231 رہا۔
دنیا بھر میں کورونا وبا کی اثرات اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ بھی گزشتہ ماہ سے مسلسل منفی زون میں ٹریڈ کر رہی ہے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 42 ہزار کی سطح سے گر کر 28 ہزار پر پہنچ گئی۔