وزیرخارجہ، سعودی ہم منصب میں رابطہ، 3اپریل کو زائرین کے پھر ٹیسٹ ہونگے: شاہ محمود
ملتان (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیر میں 8ماہ سے لگائے گئے لاک ڈائون کی اذیت کو محسوس کرے۔ ہم لوگ 15دن کے لاک ڈائون سے پریشان ہیں۔ کشمیری عوام8ماہ سے کس اذیت سے گزر رہے ہونگے۔ عالمی برادری ہندوستان پر دبائو ڈالے کہ وہ کشمیر میں 8ماہ سے بزور طاقت لگائے گئے کرفیو کو فی الفور ختم کرے اور وہاں کی عوام کو صحت اور علاج و معالجہ کی ضروری سہولیات مہیا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں قائم قرنطینہ سینٹر کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں، میں نے فرانس‘ برطانیہ‘ اٹلی‘ سپین‘ چین سمیت سارک ممالک کے وزراء خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔ جہاں ان سے کورونا کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بات چیت کی ہے وہاں کشمیر میں 8ماہ سے لگائے گئے لاک ڈائون پر بھی ان کی توجہ مبذول کروائی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بالخصوص جی 20ممالک تیسری دنیا کے ممالک جن کا ہیلتھ سسٹم کمزور ہے، ان ممالک کے قرضوں کو ری سٹرکچر کر دے تاکہ قرضوں کے سود والا پیسہ اس وباء سے مقابلہ کرنے کے لئے اور عوام کو صحت سے وابستہ سہولیات کی فراہمی اور صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے استعمال کیا جا سکے۔ اس موقع پر زائرین سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قرنطینہ میں مقیم افراد انتہائی کٹھن وقت سے گزر رہے ہیں۔ میں آپ کے صبر، حوصلے اور ہمت کی داد دیتا ہوں۔ 3 اپریل کو زائرین کے دوبارہ ٹیسٹ ہونگے۔ کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ نیگیٹو آنے والے زائرین کو گھر بھیج دیا جائے گا۔ وزیر خارجہ نے قرنطینہ میں قائم ہسپتال کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے زائرین کو دی جانے والی سہولیات اور خوراک بارے بھی دریافت کیا۔دریں اثناء سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا‘ دونوں رہنمائوں نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے عالمی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے وزیرخارجہ سے دونوں ملکوں کی دلچسپی کے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔