قطر کے سرمایہ کاری کے ادارے نے پاکستان میں ہائوسنگ ، توانائی ، سیاحت اور ایئر پورٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اس دلچسپی کااظہار وزیراعظم عمران خان اور قطر کے سرمایہ کاری کے ادارے کے ایک وفد کے درمیان آج اسلام آباد میں ایک ملاقات کے دوران کیا گیا جس کی قیادت شیخ فیصل بن ثانی الثانی نے کی۔شیخ فیصل بن ثانی الثانی قطر کے سرمایہ کاری کے محکمے اور قطر سرمایہ کاری ادارے کے علاقائی سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ ہیں۔قطری وفد میں ہائوسنگ ، سیاحت ، ریئل اسٹیٹ اور توانائی کے شعبوں کے مختلف اداروں کے سربراہ شامل تھے۔وزیراعظم نے معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی پر ادارے کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے سیاحت، ہائوسنگ اور دیگر شعبوں میں کا روبار کے مختلف مواقع کو اجاگر کیا۔وزیراعظم نے سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے کئے جانے والے مختلف اقدامات اور پالیسی میں اصلاحات کو بھی اجاگر کیا۔تجارت کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف بھی ملاقات میں موجود تھے۔