پاکستان میں خواتین فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے: انا روفینو
لاہور(سپورٹس رپورٹر )مارٹاویمنز فٹبال کلب کے وفد کی اٹلی کی قونصل جنرل سے ملاقات۔ خواتین فٹبال کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایم ڈبلیو ایف سی کے وفد نے اٹلی قونصلیٹ کراچی میں انا روفینو سے ملاقات کی اور خواتین فٹبالرز کے امور پر بات چیت کی۔ بانی و صدر رئیس خان نے بتایا کہ ملک میں خواتین فٹبالرز اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ امور میں خدمات کے ساتھ فٹبال گیم میں خاص دلچسپی رکھتی ہیں۔ اسی جذبے کے پیشِ نظر ایم ڈبلیو ایف سی کا قیام 2011 میں عمل میں لایا گیا، کوالیفائڈ کوچز کے ذریعے سکول، کالجز اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو گراس روٹ لیول پر ٹریننگ کرواتے ہیں جس سے بڑی تعداد میں اچھی اور با صلاحیت ویمنز فٹبال کھلاڑی دستیاب ہیں۔ متعدد خواتین فٹبال کے ٹورنامنٹس بھی منعقد کروائے گئے ہیں۔مارٹا ویمنز فٹبال کلب کی ٹیم نے کئی ٹورنامنٹس اور لیگ میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ اٹلی قونصل جنرل کراچی انا روفینو نے کہا کہ پاکستان میں خواتین فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ اگر خواتین فٹبالرز کو اچھی تربیت اور سہولتیں فراہم کی جائیں تو یہ فٹبال کی فیلڈ میں ایک اچھا مقام حاصل کرسکتی ہیں۔ پاک اٹلی فٹبال کلب کی سطح پر ٹیموں کے تبادلے سے دونوں ممالک کی پلیئرز کو اپنے تجربات فیئرز کرنے اور فٹبال کی جدید تکنیک سیکھنے میں مدد ملے گی۔