حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لعل حسین کے عرس کی تقریبات جاری
لاہور(خصوصی نامہ نگار) حضرت شاہ حسین ؒ المعروف مادھو لعل حسین کے431ویں سالانہ عرس کی تقریبات کے دوسرے روزبھی جاری رہیں اور زائرین کی کثیر تعداد میں عرس تقریبات میں میں شریک ہوئے، انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ دوسرے دن کا آغاز نماز فجر کی ادائیگی کے بعد قرآن خوانی سے ہوا۔ جس کے بعد روحانی علمی محفل منعقدہوئی۔ جس میں علماء مشائخ نے دین اسلام کی ترویج کے لئے اولیائے کرام ؒ کی خدمات، ان کے حسن سلوک، کردار، گفتار کے معاملات کو موضوع سخن بنایا۔ علماء کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ اولیاء کرام ؒکی بدولت نبی آخرالزمان حضرت محمدؐکے بتائے ہوئے دین اسلام کے مروجہ اصولوں کی عوام الناس کو آگاہی ممکن ہوئی۔مزار کے احاطے میں دور دراز علاقوں اور شہروں سے آئے ہوئے زائرین کو مقامی افراد کی جانب سے ناشتہ پیش کیا گیا ۔