حضرت امیر معاویہ ؓ عظیم سپہ سالار‘اسلامی بحری بیڑے کے موجد تھے:علماء
لاہور (خصوصی نامہ نگار)حضرت سیدناامیر معاویہ ؓ کی پوری زندگی اطاعت الہٰی ، اطاعت رسولؐ اتباع سنت ، عدل وانصاف، جودو سخا ، عفوو درگزر ، عمل وبردباری ، تقویٰ اور خوف الٰہی کے قیمتی اوصاف کا نقش جمیل ہے۔ آپؓ کا دور حکومت فتوحات اور غلبہ اسلام کے حوالہ سے شاندار دور تھا۔ آپؓ بحر ی بیڑے کے موجد تھے۔ آپ ؓ وہ خوش نصیب انسان ہیں جن کو جلیل القدر صحابی ہونے کے ساتھ ساتھ کاتب وحی ہونے کا شرف بھی حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر شریف الدین قذافی نے" سیدنا امیر معاویہؓکے یوم وصال "کے موقع پرا پنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ سیدنا امیر معاویہؓ ایک عظیم جرنیل ، سپہ سالاراور میدان حرب کے نڈ ر شہسوار تھے۔ آپ ؓ نہایت دیانت دار ،سخی ،سیاستدان ، قابل حکمران اورصحابی تھے۔آپ رضی اللہ عنہ کا شجرہ نسب پانچویں پشت میں حضور سرورِ عالم ﷺ سے ملتا ہے۔ قبول ِ اسلام کے بعد آپ رضی اللہ عنہ نے اسلام کی بے مثال خدمت کی۔ آپ رضی اللہ عنہ نے 19سال تک 64 لاکھ مربعہ میل پر حکمرانی کی۔حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے کردار، کارناموں اور فضائل و مناقب سے تاریخ اسلام کے روشن اوراق بھر ے پڑے ہیں۔