چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے علامہ منیر احمد یوسفی کی عیادت کی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)ممتاز عالمی دین ، سرپرست انجمن اشاعت دین اسلام و نگینہ سوشل ویلفیئر سوسائٹی علامہ منیر احمد یوسفی سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے جوہر ٹاؤن میں واقع نجی ہسپتال میں ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ علامہ منیر احمد یوسفی گزشتہ چند روز سے معدہ کے عارضہ کے باعث ہسپتال میں داخل ہیں۔ ملاقات اور تیمار داری کرنے والے علماء کرام میں علامہ مولانا محمد صدیق ہزاروی ، پروفیسر سعید احمد سعیدی، پروفیسر علامہ عطاء الرحمن، علامہ کوکب سیالوی، علامہ ثناء اللہ سیالوی، متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے کوآرڈینٹر ضیاء الحق نقشبندی، مفتی حسیب قادری اور علامہ انتخاب نوری شامل تھے۔ اس موقع پر علما کرام نے کہا کہ علامہ منیر احمد یوسفی سرمایہ اسلام اور یادگار اسلاف ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی علامہ منیر یوسفی کو صحت کاملہ عطا فرمائے تا کہ وہ حسب سابق اپنی تبلیغی سرگرمیوں کو اسی طرح جاری رکھ سکیں۔ علامہ منیر احمد یوسفی نے خیریت دریافت کرنے کے لئے آنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔