پلوامہ واقعہ‘ کارروائی کیلئے بھارت سے مزید شواہد کے منتظر ہیں: پاکستان
اسلام آباد ( شفقت علی، نیشن رپورٹ) پاکستان پلوامہ واقعہ کے حوالے سے بھارت کی جانب سے مزید شواہد کے انتظار میں ہے اس حوالے سے وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے نیشن کو بتایا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے دیئے گئے ڈوزیئر پر اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور اس کی ابتدائی تحقیقات بھارت کے حوالے کر دی ہیں جس میں پاکستان کے کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے تھے۔ دفتر وزارت خارجہ کے حکام نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کو اس مسئلہ میں مزید شواہد درکار ہیں اور وہ ان کا انتظار کر رہا ہے ۔ ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ بھارت اس بات پر اصرار کر رہا ہے کہ اس نے جو ڈوزیئر فراہم کیا ہے وہ کارروائی کیلئے کافی ہے اور پاکستان کو خود ملزموں تک پہنچنا ہو گا تا ہم ہم نے بھارت پر واضع کر دیا ہے کہ اب تک کوئی ایسے شواہد نہیں ہیں کہ کارروائی کی جا سکے۔ ہم صرف ٹھوس شواہد کی صورت میں ہی کارروائی کر سکتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے اس حوالے سے بہت ذمہ داری سے کام کیا اور بھر پور تعاون کیا۔ ہم نے یہ سب علاقائی امن و سلامتی کی خاطر کیا۔