اتحادی جماعتوں کے مطالبے پر وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا امکان
اسلام آباد (آن لائن) اتحادی جماعتوں کے مطالبے پر وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا امکان ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد35 سے تجاوز کرگئی۔ اتحادی جماعتوں میں سے2 وزرا ایم کیو ایم جبکہ ق لیگ، عوامی مسلم لیگ، بلوچستان عوامی پارٹی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا ایک ایک وزیر شامل ہے، قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کی 7 نشستیں اور2 وزیر،بلوچستان عوامی پارٹی کی4 نشستیں اور ایک وزیر، جی ڈی اے کی3 نشستیںاور ایک وزیر، ق لیگ کی 5 نشستیں اور ایک وزیر لیکن پھر بھی اتحادی جماعتیں ناخوش ہے۔گزشتہ چند دنوں کے دوران چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی وزیر اعظم سے ملاقات میں ایک مزید وزارت کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ دوسری جانب کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کے امکانات بھی ظاہر ہورہے ہیں۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ کے نام پرکچھ اہم وزرا کو تبدیل کردیاجائے گا، اگر وزیراعظم عمران خان کو اتحادی جماعتیں بلیک میل کرنے میں کامیاب ہوگئیں تومونس الٰہی سمیت کچھ نئے چہرے بھی کابینہ کا حصہ بن سکتے ہیں۔