فیصل آباد: بد چلنی کے شبہ پر بہن، جائیداد کے تنازعہ پر بڑا بھائی قتل
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) بد چلنی کے شبہ پر بھائی نے بہن کو جبکہ جائیداد کے تنازعہ پر چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ گڑھ کے نواحی گائوں کلیانوالہ میں لال محمد کی بیٹی چوبیس سالہ ثریا بی بی کی شادی کچھ عرصہ قبل ہوئی لیکن گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور اسے طلاق ہو گئی اور وہ اپنے میکے واپس آ گئی۔ گزشتہ اس کے بھائی ریاض نے بد چلنی کے شبہ پر مشتعل ہو کر ثریا بی بی کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جبکہ دوسرے واقعہ میں سیف آباد گلی نمبر ون کا رہائشی پچاس سالہ منیر احمد سائیکل پر جا رہا تھا کہ اسکے چھوٹے بھائی رکشہ ڈرائیور چالیس سالہ نذیر احمد نے سر بازار رکشہ پر تعاقب کرکے اپنے بڑے بھائی سائیکل سوار منیر کو گولیاں مار دیں اور فرار ہو گیا‘ منیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔