مہنگائی کے ستائے عوام بپھر گئے تو حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دینگے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے معاشی افلاطونوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے ۔ ماضی میں عوام کی خوشحالی اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانے کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے اب روزانہ مہنگائی بڑھنے پر عوام کو برداشت کرنے کی تلقین کر رہے ہیں۔ مہنگائی کے ستائے عوام بپھر گئے تو حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع بھی نہیں دیں گے۔ حکومت اور نیب لٹیروں کو پکڑنے کے دعوے بہت کرتے ہیں لیکن کسی پر ہاتھ نہیں ڈالتے۔ پانامہ کیس کے 436 ملزم آزاد پھر رہے ہیں انہیں آج تک پوچھا نہیں گیا۔ جب تک لوٹی گئی قومی دولت واپس نہیں آتی، امداد اور قرضوں پر زیادہ دیر حکومت نہیں چلے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مکہ مکرمہ سے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عمران خان تحریک انصاف کے نہیں، پورے ملک اور عوام کے وزیراعظم ہیں، انہیں مخالفتیں بڑھانے کی بجائے انہیں کم کرنے کی طرف توجہ دینی چاہیے۔