پاکستانی بنگالیوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیے جائیں، کسی شہری کو شناختی کارڈ سے محروم نہیں رکھا جاسکتا:صدرممنو ن

01 اپریل 2018 (20:37)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی بنگالیوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیے جائیں گے اور نادرا کو ہدایت کی جائے گی کہ پاکستانی شہریوں کے شناختی کارڈ کے اجرا میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔صدر مملکت نے یہ بات پاک مسلم الائنس کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما خواجہ خیرالدین مرحوم کے صاحبزادے خواجہ سلمان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے رہنما ناصر الدین محمود بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے کسی شہری کو شناختی کارڈ سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔نادرا کو ہدایت کی جائے گی کہ پاکستانی بنگالیوں کے ساتھ کوئی زیادتی نہ ہو اور پاکستانی بنگالیوں کو شناختی کارڈ کے اجرا میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستانی بنگالی ملک کے جائز شہری ہیں جنھوں نے پاکستان کی بقا کے لیے تاریخی قربانیاں دی ہیں۔ملک کے لیے جان و مال کی تاریخی قربانیاں دینے والے پوری عزت و استحکام کے مستحق ہیں۔ان کے عزت و استحکام میں کمی اور استحصال ناقابل برداشت ہے۔