پاک ویسٹ انڈیز سیریز کیلیے ٹریفک پلان جاری

01 اپریل 2018 (15:45)

کراچی ( صباح نیوز)یکم اپریل تا 3اپریل تک جاری رہنے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز انتظامات مکمل سیکیورٹی اور ٹریفک پلان بھی فائنل کرلیاگیاہے جس کے مطابق تینوں میچوں کے دوران 7سے زائد مقامات پر ٹریفک کا داخلہ سختی سے ممنوع ہیں۔شارع فیصل حبیب ابراہیم روڈ سے سر شاہ سلیمان روڈ،نیپا سے پی پی چورنگی، کشمیر روڈ سے جیل فلائی اوور تک عام عوام کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ جبکہ سر شاہ سلیمان روڈ پر لیاقت آباد نمبردس سے اسٹیڈیم کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔میچ کے ٹکٹ حاصل کرنے والے شہریوں کو پارکنگ کی سہولت حاصل ہوگی۔یونیورسٹی روڈ پر 3،ڈالمیاروڈ پر ایک اور کشمیرروڈ پر3 پارکنگ لاٹس بنائے گئے ہیں۔یونیورسٹی روڈ پر حکیم سعید، اردو یونیورسٹی اور اتوار بازار گراونڈ شامل ہیں۔ ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فٹبال گراؤنڈ میں پارکنگ کی جا سکے گی۔جبکہ کشمیر روڈ پر کے ایم سی، کے ڈی اے اور چائنا گراؤنڈ میں پارکنگ انتظام ہو گا۔ پاک ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی تین روزہ سیریز کیلئے نیشنل اسٹیڈیم اوراطراف میں چھ ہزار سے زائد اہلکارسیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اسٹیڈیم کے اندر رینجرز اور باہرپولیس تعینات کی گئی ہے۔ جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف وقفے وقفے سے فضائی نگرانی کا سلسلہ بھی تاحال جاری ہے۔