مقبوضہ کشمیر میں  بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی،8نوجوانوں کو شہید کر دیا

Apr 01, 2018 | 11:20

ویب ڈیسک

مقبوضہ کشمیر میں  بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ جھڑپ میں 3بھارتی فوجی زخمی ہو گئے، بھارتی فوج نے ایک کشمیر ی نوجوان گرفتار کر لیا ہے ،نوجوانوں کی شہادت کیخلاف کشمیر ی سڑکوں پر نکل آئے بھارتی مظالم کیخلاف شدید احتجاج کیا ، شوپیاں میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروس معطل رہی ۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ قابض فوج نے ضلع اسلام آباد اور شوپیاں میں آپریشن کے دوران 8 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ 7کشمیری نوجوانوں کی لاشیں شوپیاں میں ایک گائوں سے ملیں جبکہ ایک نوجوان کو ضلع اسلام آباد کے علاقے دیالگام میں شہید کیا گیا۔ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا کہ یہ نوجوان بھارتی فوج سے جھڑپ کے دوران مارے گئے اور ان کا تعلق عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین سے تھا جبکہ شہید نوجوانوں میں اعلیٰ مجاہد کمانڈرز بھی شامل ہیں۔ جنوبی کشمیر کے علاقے کچدورا میں ہونے والی ایک جھڑپ میں تین بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ ضلع اسلام آباد میں بھارتی پولیس نے ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔ بھارتی مظالم اور بے گناہ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف کشمیری عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور شدید احتجاج کیا۔ کٹھ پتلی حکومت نے لوگوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے اننت ناگ اور شوپیاں میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروس معطل کردی۔

مزیدخبریں