ویسٹ انڈین ٹیم کی 12 سال بعد آمد‘ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

01 اپریل 2018

کراچی (اسحاق بلوچ) ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 12 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کے دورے پر کراچی پہنچ گئی۔اس نے آخری بار 2006 میں برائن لارا کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں اسے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں تین ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اس کے ساتھ ہیکراچی میں9سال تین ماہ کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی جب اتوار یکم اپریل کوپاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ٹی20انٹر نیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اتوار کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگاجس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ،عالمی ٹی20چیمپئن ویسٹ انڈیز اور عالمی نمبر ون پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا میچ را ت کو آٹھ بجے شروع ہوگا۔36ہزار سے زائدنشستوں کی گنجائش رکھنے والے کراچی کے تاریخی نیشنل اسٹیڈیم میں اس میچ کے حوالے سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ٹکٹ ہولڈرز اور ایکری ڈیشن کے حامل افراد کو ہی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی تاہم ان کو اپنا قومی شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہوگا۔پی ایس ایل تھری کے فائنل کی طرح شائقین کرکٹ کو شہر کے مختلف حصوں سے اسٹیڈیم تک پہنچانے کے لئے مخصوص مقامات پر اسپیشل شٹل سروس کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ،شہر میں گرمی کی بڑھتی ہوئی تمازت کے سبب میچ دیکھنے کے لئے آنے والوں کو شام سات بجے تک اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے جس کے بعد تمام گیٹ بند کر دیئے جائیں گے ۔دوسری جانب میچز کے لئے کرکٹ کے مداحوں میں جوش وخروش موجود ہے لیکن اس میں پی ایس ایل فائنل جیسی گرم جوشی اور جذبہ نظر نہیں آرہی ،۔ادھر ٹی 20سیریز کے تینوں میچز کے لئے جنرل اور فرسٹ کلاس انکلوژرز کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں تاہم پریمئر اور وی آئی پی انکلوژرزر کے ٹکٹس اب بھی دستیاب ہیں ۔میچ کے لئے چیف کیوریٹر آغا زاہد نے تین وکٹیں تیار کی ہیں جبکہ حتمی وکٹ کا انتخاب ٹاس کے بعد کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے مطابق سیریز دل چسپ رہے گی اور ہم ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ہرگز آسان نہیں لیں گے ۔دوسری جانب دو مختلف پروازوں کے ذریعے مہمان ٹیم ہفتہ کی شب طویل سفر کر کے کراچی پہنچی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے حوالے سے خیا ل ہے کہ وہ سفر کی تھکن کے باوجود میزبان ٹیم سے بہتر مقابلہ کرنے میں کامیاب رہے گی ۔پی سی بی نے سیریز کے لئے آفیشلز کا اعلان بھی کر دیا ،اتوار کو کھیلے جانیو الے میچ میںاحسن رضا اور شوزیب رضا جبکہ احمد شہاب ٹی وی ا،مپائر ہونگے ۔آئی سی سی ریفری ڈیوڈ بون میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے ۔