خاقان عباسی روبوٹ وزیراعظم،چابی والا کھلونا ، رٹی رٹائی باتیں کرتا ہے

01 اپریل 2018

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے خاقان عباسی کو روبوٹ وزیراعظم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چابی والا کھلونا ہے جو رٹی رٹائی باتیں کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ جب مشکلات میں ہوتی ہے تو انہیں جمہوریت اور آئین یاد آتا ہے۔ جب مشکلات میں نہیں ہوتی تو اس میں ڈکٹیٹر ضیاء کی روح تحلیل ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھاکہ روبوٹ وزیراعظم اپنے آقا نواز شریف کے گناہوں کی عوام سے معافی مانگتے۔ مسلم لیگ(ن) کبھی بھی عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں نہیں آئی بلکہ عوام پر مسلط کی گئی۔ نیر بخاری نے کہا کہ پنجاب کے عوام چھوٹے شریف کے خلاف فریادی ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون میں قتل کئے جانے والے معصوم انسانوں کے وارث شہباز شریف کے خلاف فریادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سازشی کیسے انقلابی بن سکتا ہے۔ نواز شریف کا نظریہ لوٹ مار کے ذریعے اپنے ٹبر کے لئے اثاثے بنانے کے سوا کچھ بھی نہیں۔نیر بخاری نے کہا کہ نواز شریف اس وقت وقت کے کٹہرے میں نادم کھڑے ہیں جبکہ آصف علی زرداری مشکل حالات کا مقابلہ کرکے فاتح بن کر سامنے آئے ہیں۔