اسلام آباد بہار فیسٹیول 6 اپریل سے شروع ہو گا،انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

01 اپریل 2018

اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت) وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی ہدایت پروفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام اسلام آباد بہار فیسٹیول کا انعقاد 6 سے 8 اپریل کو ہو گا۔ضلعی اتنظامیہ نے 6 سے 8 اپریل کو منعقد ہونے والے بہار میلہ کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے بتایا کہ بہار میلے کے لئے رنگا رنگ پروگرام تشکیل دیئے گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں جڑواں شہروں کے شہریوں کی کثیر تعداد، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کریں گے جبکہ غیر ملکی سفارتکار بھی شریک ہوں گے۔ بہار فیسٹیول کے رنگا رنگ پروگراموں میں میوزیکل کنسرٹ اور پھولوں کی نمائش کا انعقاد لیک ویو پارک میں ہوگا جبکہ چڑیا گھر سے دامن کوہ تک سائیکلنگ کے مقابلوں کا انعقاد ہو گا۔ کشتی رانی اور تیراکی کے مقابلہ راول ڈیم میں ہوں گے جبکہ ایف نائن پارک میں آرٹس اینڈ کرافٹ گیلری کا انعقاد اور ایوان اقبال ایف نائن پارک میں مشاعرہ ہو گا۔ جناح ایونیو پر میراتھن ریس اور ایف نائن پارک میں ڈاگ شو کے علاوہ خصوصی بچوں کے کرکٹ میں شالیمار کرکٹ گرائوں میں ہوں گے۔ اس دوران ایف نائن پارک میں فوڈ فیسٹیول کا انعقاد ہو گا جبکہ فیملی اور بچوں کے لئے چلڈرن گالا کا انعقاد ہو گا جبکہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجرکاری اور صوفی نائٹ بھی بہار میلے کا حصہ ہے۔ بہار میلے میں تمام صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا جبکہ شرکاء کے لئے شٹل سروس کا بھی انتظام ہو گا۔