میٹرو پولیٹین کلب اسلام آباد، ایف 9- کی تکمیل ، گارڈن کی سہولت بھی ہے

01 اپریل 2018

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد میئر شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ میٹرو پولیٹین کلب اسلام آباد، ایف 9- کی تکمیل سے اسلام آباد کے شہریوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ صحت مندانہ تفریحی سہولت میسر ہو گئی جبکہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آبادکی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش ِ نظر اسلام آباد میںمزید تفریحی سہولیات بھی مہیا کرنے کے لیے پر عزم ہے،۔ ان خیالات کا اظہارمیئر اسلا م آبادشیخ انصر عزیز نے ایف 9- میں نو تعمیر شدہ میٹرو پولیٹین کلب کا افتتاح کے موقع پر کیا۔ بریفنگ میں بتایا کہ22سو ایکٹر پر محیط کلب کے مرکزی بلاک میں پارٹی ہال، ریسٹورنٹ، ان ڈور پول ایریائ، الیکٹریکل اینڈ مکینکل روم، جم اور پول ،لابی، جمنازیم، مرکزی کچن، بالکونی، سنوکر ایریائ، سنیک بار، فٹنس سینٹر، لائبریری جیسی سہولیات مہیا کی گئی ہیں جبکہ میٹرو پولیٹین کلب میں 56 کمرے بمعہ بالکونی کے علاوہ کلب کے اندر گارڈن کی بھی سہولت مہیا کی گئی ہے، کلب کے اندر چائینز ریسٹورنٹ، بوفے، ڈائننگ ہال اور لانڈری کے علاوہ سٹور اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، کلب میں 450 افراد کے لیے جدید طرز تعمیر کا شاہکار آڈیٹوریم بھی بنایا گیا ہے اور کلب کے اندر 2 کانفرنس روم بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔ ٹینس کورٹس ، جاگنگ ٹریک، آوٹ ڈور سوئمنگ پول، کیفے، کشادہ اور وسیع سر سبز و شاداب لان بھی کلب کا حصہ ہیں کلب میں میک اپ روم کے علاوہ بیکری اور کینٹین کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔میئر اسلا م آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ میئر کی حیثیت سے سب سے زیادہ توجہ ان منصوبوں پر مرکوز کی ہے جو عدم دلچسپی کی بناء پر تعطل کا شکارتھے ۔