نافع کے قیام کا مقصد پاکستان کے تعلیمی نظام کو نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ کرنا ہے
اسلام آباد (جنرل رپورٹر) نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں نیشنل ایسوسی ایشن فا ر ایجوکیشن (نافع ) کے زیر اہتمام ایک سیمینار منعقد ہوا ۔سیمینار سے نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن کے ڈائریکٹر ہدایت خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نافع کے قیام کا مقصد پاکستان کے تعلیمی نظام کو نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔آئین پاکستان کے اندرجو مقاصد طے کئے گئے ان مقاصد کو حاصل کرنا اور تعلیم کی گاڑی کو پٹری پر رکھنا ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے ہم پوری پاکستانی قوم کو منظم کر رہے ہیں ۔پاکستان کو ہم نے د س ریجن میں تقسیم کر دیا ہے اور ہر ضلع میں ہم 20 نافع فورم بنا رہے ہیں اور ہر فورم میں 20 افراد ہونگے ۔ان فورمز میں تعلیمی اداروں کے سربراہان ، مالکان ،اساتذہ کرام ،صحافی ،ماہرین تعلیم اور معاشرے کے با اثر افراد ممبرز ہونگے ۔سیمینار میں بچوں کے سکول چھوڑنے کے حوالے سے بھی بات کی گئی کہ ہم یہ تو دیکھتے ہیں کہ بچے نے سکول چھوڑ دیا مگر اس کے پیچھے وجوہات نہیں دیکھتے کہ آیا اس بچے نے سکول کیوں چھوڑا اور اس سب میں کہیں نہ کہیں ہم سب ذمہ دار ہیں ۔ سیمینار میں افتخار علی جنجوعہ کی طرف سے پیش کی گئی قرار داد بھی منظور کی گئی کہ نصاب سازی کو صوبوں سے واپس مرکز میں لایا جائے اس طرح پورا ملک ایک نصاب پڑھے گا اور ملک کے تمام بچے ایک ہی طرح کی کتب پڑھیں گے تو ہم سب کی قومی آہنگی کی طرف تیزی سے پیش رفت ہو گی ۔ تعلیمی سیمینار سے ڈاکٹر عبدالرشید ،پروفیسر ساجد خاکوانی ،ڈاکٹر محمد سلیم ،محمد بلال عزیز ،ڈاکٹر محمد نصیر کیانی ،جاوید اقبال،ڈاکٹر جمیل باجوہ اور نافع کے ریجنل ڈائریکٹر حافظ شہباز شاہین نے بھی خطاب کیا ۔ سیمینار میں اساتذہ اور ماہرین تعلیم کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔