صیہونیت و استعماریت کا واحد علاج مسلم اتحاد کی خیبری حیدریؑ ضرب ہے

01 اپریل 2018

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) سپریم شیعہ علما بورڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہاہے کہ سعودی ولی عہد کے انٹر ویو نے یہ ثابت کردیا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کاخالق اور مسلم مقامات مقدسہ کی تاراجی کا محرک امریکہ اور اسکے پٹھو ہیں مسلم ممالک امریکی و صیہونی چیرہ دستیوں کے مقابلے کیلئے جرات حیدریؑ اپنائیں ، سلطنت عثمانیہ کو تباہی سے دوچار کرنیوالی سازش دہرائی جا رہی ہے اپنی زمین کی واپسی کے طلبگار اور اسرائیلی گنوں کے بیدردی سے شکار مظلوم فلسطینی پہلی جنگ عظیم کی کوکھ سے جنم لینے والے برطانوی اعلان بالفور کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں ، پہلی جنگ عظیم کی طرز پرگزشتہ چار دہائیوں میں امریکی ہدایتکاری میں مسلسل ڈرامے رچا کر مسلمانوں کی طاقت ایک بار پھر چکنا چور کردی گئی ،مسلم حکمران اپنے اقتدار کے بچائو کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں لیکن عالم اسلام کے مفادات اور شعائر اللہ کی عزت و حرمت کی پامالی سے انہیں کوئی سروکار نہیں، حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کا طرز زندگی ظلم و بربریت کی موت ہے ،صیہونیت و استعماریت کا واحد علاج مسلم اتحاد کی خیبری حیدریؑ ضرب ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولود حرم امیر المومنین شیر خدا حضرت علی علیہ السلام کرم اللہ وجہہ کے یوم ولادت پرنور کے موقع پر جشن مرتضوی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔