پیک نے صوبہ بھر میں پنجم اور ہشتم جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا
راولپنڈی( محمدر ضوان ملک /نیوزرپورٹر) پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے صوبے بھر میں پنجم اور ہشتم جماعت کے سالانہ امتحانات برائے سال2018 ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ پانچوں اور آٹھویں کے امتحان میں 25 لاکھ 49 ہزار 680 امیدواران نے حصہ لیا جس میں سے پانچویں کے امیدواران کی تعداد 1480366 تھی جبکہ آٹھویں کا امتحان دینے والوں کی تعداد 1069314 تھی ۔ پانچویں کا نتیجہ 86.58 فیصد اور آٹھویں کا نتیجہ86.62 فیصد رہا۔ ضلع راولپنڈی کی کارکردگی متاثر کن نہ رہی پانچویں میںکامیاب ہونے والے امیدوران کا تناسب 77 فیصد جبکہ آٹھویں میں کامیابی کا تناسب 75 فیصد رہا۔ فیصل آباد کی زینب اقبال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے محمد حسیب نے 500 میں سے 494نمبر حاصل کر کے اول پوزیشن حاصل کی۔ 493 نمبروں کے ساتھ وہاڑی کے محمد حسیب اور فیصل آباد کے مصفیر رانا نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔جبکہ چھ امیدواران نے 491 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آٹھویں کے امتحان میں بہاولپور کے کے غلام مجتبیٰ خالد اور وہاڑی کی ریجا بتول نے 500 میں سے 496 نمبر حاصل کر کے صوبہ بھر میں اول پوزیشن حاصل کی۔