محکمہ موسمیات کی اپریل، مئی، جون میں شدید گرمی کی پیش گوئی

01 اپریل 2018

اسلام آباد، کراچی (آن لائن+ صباح نیوز) محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک میں شدید گرمی اور موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کردی ہے ۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق اپریل، مئی اور جون میں گرمی معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ ماہ رمضان المبارک بھی کافی گرم اور موسم خشک رہیگا۔ گرمی زیادہ ہونے کے باعث پانی کی طلب میں اضافہ ہوگا البتہ جون کے آخری ہفتے میں مون سون کے آغاز پرخشک سالی میں کمی آئیگی۔ کراچی میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا،گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرم رہا تاہم آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرم رہے گا۔دوسری طرف شہر قائد کراچی میں گزشتہ کئی روز سے جاری گرمی کی لہر کا زور گزشتہ روز ٹوٹ گیا ۔ شہر میں پچھلے چند روز سے جاری گرمی کی لہر ٹوٹنے کے بعد شہریوں نے سکون کا سانس لیا ہے۔صبح 11 بجے شہر کے مختلف علاقوں کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر الیکٹرک کی جانب سے کی جانیوالی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے جس نے عوام کا جینا دوبھر کرکے رکھ دیا ہے۔