بھارت: پر اسرار مرض سے150 بندر ہلاک

01 اپریل 2018

نئی دہلی (آئی این پی) بھارت میں پر اسرار مرض نے 150 بندروں کی جان لے لی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک گائوں میں ہفتہ کے دوران بندروں کی 150 اموات نے محکمہ جنگلات کی نیندیں اڑا دیں، جانوروں کے ڈاکٹروں کے مطابق پانی کی کمی اور کمزوری اموات کی وجہ بنی ہے۔ بھارتی گائوں امروہہ میں بندر وں میں پر اسرار مرض پھیل گیا۔ ایک ہفتے کے اندر ڈیڑھ سو سے زائد بندر موت کے منہ میں چلے گئے۔ اموات جب حد سے بڑھ گئیں تو محکمہ جنگلات والوں کو بھی ہوش آ گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بندروں کی اموات پانی کی کمی، اسہال اور کمزوری کی وجہ سے ہو سکتی ہیں تاہم حتمی اسباب پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہوسکیں گے۔