مسلمانوں کے خلاف جھوٹی خبر شائع کرنے والا بھارتی صحافی گرفتار

01 اپریل 2018

نئی دہلی(این این آئی) بھارت میں پولیس نے مسلمانوں کے خلاف مذہبی جذبات اکسانے کے لیے جعلی خبر جاری کرنے پر ویب سائٹ کے مْدیر کو حراست میں لے لیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی صحافی مہیش وکرم نے اپنی ویب سائیٹ پر ایک رپورٹ شائع کی جس میں جین مذہب کے راہب پر قاتلانہ حملہ کا الزام مسلمانوں پر لگایا گیا۔ خبر شائع ہونے کے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ جین مذہب کے راہب دراصل روڈ ایکسیڈنٹ میں زخمی ہوئے تھے لیکن صحافی نے حادثے کو مسلمانوں کے جتھے کی جانب سے قاتلانہ حملے کا رنگ دے دیا۔بھارتی صحافی نے 18 مارچ کو نا صرف یہ کہ جھوٹ پر مبنی رپورٹ اپنی ویب سائیٹ پر شائع کی بلکہ اس خبر کو ٹوئٹ بھی کیا جس کے بعد خبر آگ کی طرح پورے بھارت میں پھیل گئی اور بالخصوص ریاست کرناٹکا میں مسلم کش فسادات کا خدشہ پھیل گیا تھا۔ سینئر پولیس افسر نے واقعے کی تحقیقات کی تو مہیش وِکرم کی خبر جھوٹی نکلی جس پر انہیں جعلی اور حساس خبر شائع کرنے کے الزامات پر گرفتار کر لیا گیا۔