گجرات: گھریلو تنازعہ پر بیٹی‘ بھابھی اس کے 3 بچوں کو قتل کر کے ملزم کی خودکشی

01 اپریل 2018

گجرات(اے این این) گجرات کے علاقہ بھدرمیں خون کی ہولی کھیلی گئی جہاں خاندان کے 5 افراد کو قتل کرکے محنت کش نے خود کشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق گجرات کے علاقے بھدرمیں 45سالہ مبشرنامی شخص نے اپنی 7 سالہ بیٹی مناہل ایمان، 6 سالہ فاطمہ، 3 سالہ زین، 6 سالہہاشراور30 سالہ بھاوج مقدس کو گولیاں مارنے کے بعد خود کو گولی مارکرخودکشی کرلی۔ اہل خانہ کی اطلاع پرپولیس فوری طورپرپہنچی اورنعشوں کوتحویل میں لے کرہسپتال منتقل کردیا۔اہل علاقہ کے مطابق ملزم کا بھائی مدثر روز گار کے سلسلہ میں بیرون ملک دبئی میں مقیم ہے۔ ملزم مبشر نے دو شادیاں کر رکھی تھیں جس سے اسکی بیویوں نے علیحدگی اختیارکرلی تھی اور وہ تیسری شادی کرنے کا خواشمند بھی تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت مبشر کے نام سے ہوئی ہے جو نجی کمپنی میں سکیورٹی گارڈ تھا۔ڈی ایس پی کھاریاں کے مطابق ملزم کی بھابھی چندروز قبل بیٹی اور بیٹے کے ساتھ گجرات آئی تھی۔ ملزم نے ایک ہی پستول سے گھر کے تمام افراد پر فائرنگ کردی جس سے اس کی 7 سالہ بیٹی، ایک بھتیجی، 2 بھتیجے اور بھابھی گولیوں کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے جب کہ ملزم کی بہن، بیوی اور ماں نے بھاگ کر جان بچائی۔پولیس نے نعشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا اور واقعے کی تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔