وزیراعظم کا چیئرمین سینٹ کے خلاف بیان جمہوریت، آئین کی توہین ہے : خرم نواز گنڈاپور

01 اپریل 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے ہنگامی اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے چیئرمین سینیٹ کے خلاف اعلان جنگ جیسے الفاظ استعمال کرنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک آئینی ادارے کے سربراہ کا ایک آئینی ادارے کے خلاف اعلان جنگ کا اعلان آئین، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کی توہین ہے۔ ’’ڈمی ‘‘وزیراعظم چیئرمین سینیٹ سے معافی مانگیں اجلاس میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے نہتے پرامن فلسطینی مظاہرین پر وحشیانہ فائرنگ اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور شہید فلسطینیوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، اجلاس میں جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں سانحہ کی ازسرنو تفتیش کیلئے بااختیار جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں رکنیت سازی اور تنظیم سازی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے امیدواروں سے درخواستیں لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا جو بعدازاں مرکزی پارلیمانی بورڈ میں پیش کی جائینگی۔ اجلاس کی صدارت سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول، سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چودھری نے خطاب کیا۔