خواتین تحریک انصاف کا ہراول دستہ ہیں : شیریں مزاری

01 اپریل 2018

لاہور (لیڈی رپورٹر)تحریک انصاف کی رہنماؤں نے کہاہے کہ تازہ ریکارڈ ممبرشپ نے ثابت کردیاہے کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی خواتین عمران خان کاہراول دستہ ہیں، الیکشن 2018میں خواتین عمران خان کووزیراعظم بنوا کر ہی دم لیں گی، ن لیگ کی بوکھلاہٹ اورگبھراہٹ کاشکار ہے اور اسی وجہ سے آئینی اداروںکی توہین پراتر آئی ہے جس سے صاف ظاہر ہے ان کے دن گنے جاچکے ہیں۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کی ممبرسازی مہم کے موقع پر شعبہ خواتین کی طرف سے لبرٹی چوک پرمنعقدہ کیمپ میں ڈاکٹرشیریں مزاری، منزہ حسن، سعدیہ سہیل، روبینہ جمیل، شہناز خان، نیلوفر اور مسرت چیمہ نے نوائے وقت سے گفتگومیں کہاکہ تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہیں اور عمران خان مقبول ترین لیڈرہیں آئندہ الیکشن تحریک انصاف جیتے گی اور ملک کوترقی وخوشحالی کی شاہراہ پرگامزن کردے گی۔ اس موقع پر خواتین پارٹی پرچم اٹھائے کپتان کے حق میں زبردست نعرے بازی کرتی رہیں۔ خواتین صبح گیارہ بجے ہی ٹولیوںکی شکل میں جوش وخروش سے نعرے بلند کرتی کیمپ میں پہنچنا شروع ہوگئیں ۔ چیئرمین عمران خان کی آمد پر پھولوںکی پتیاںنچھاور کی گئیں تاہم اس موقع پر زبردست دھکم پیل بے قابو ہجوم کے باعث خواتین کومشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔