ڈپٹی کمشنرزکو مزید بااختیار بنانے سے متعلق سفارشات تیاری کیلئے کمیٹی قائم

01 اپریل 2018

لاہور ( خصوصی نامہ نگار)چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ریٹائرڈ) زاہد سعید نے ڈپٹی کمشنرزکو مزید بااختیار بنانے سے متعلق سفارشات تیار کرنے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی ممبران میں سیکرٹری سروسز، سیکرٹری ریگولیشن ، سیکرٹری امپلی مینٹیشن اینڈ کوارڈینیشن (آئی اینڈ سی)، ضلع رحیم یار خان ، گجرات اور سرگود ھا کے ڈپٹی کمشنرز شامل ہوں گے۔ سول سیکرٹریٹ میںڈپٹی کمشنرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ اضلاع میں پبلک سروس ڈلیوری بہتر بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو مزید اختیارات دیئے جائیں گے۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنا یا جائے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ایسٹر کے موقع پرسیکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محنت اور جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کسانوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔