پنجاب کا آدھا بجٹ لاہور پر لگانے والے اچھا ہسپتال نہ بنا سکے ‘ شریفوں کے جیل جانے کا وقت آ گیا: عمران
لاہور+ فیروزوالہ (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ ایجنسیاں) عمران خان نے29 اپریل کو مینار پاکستان پر مسلم لیگ (ن) کو ‘‘مجھے کیوں نکالا ‘‘کا جواب اور انتخابی منشور کیلئے جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کے 2 بیٹے پاکستان میں اور نوازشر یف کے بچے لندن میں اربوں کے مالک بن چکے ہیں۔ شریف خاندان ایک مافیا ہے اور احد چیمہ جیسے لوگ مسلم لیگ (ن) کے بیوروکریسی میں فرنٹ مین ہوتے ہیں، فیصل سبحان آج تک بازیاب نہیں ہوسکا۔ شہبازشریف پنجاب میں ون مین شو ہے جو تمام فیصلے میرٹ کی بجائے اپنی مرضی سے کرتا ہے‘ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں شہبازشریف حکومت صرف ایک کنٹر کیشن کمپنی کو زیادہ ٹھیکے دیتے ہیں اور لاگت میں اضافے کے ذریعے مال بنایا جاتا ہے اور ہم اس حوالے سے نیب کو ثبوت دے رہے ہیں وہ پتہ کریں کنٹرکیشن کمپنی کے پیچھے شریف خاندان ہی ہوگا ہم میٹرو ملتان کی کرپشن کا معاملہ نیب کے پاس لیکر جائیں گے‘ نوازشریف یا آصف زرداری جیسے کرپٹ لیڈروں سے اتحاد نہیں ہو سکتا‘پہلے سے کہہ رہا ہوں کہ سینٹ کے الیکشن میں پیسہ چلتا ہے، اب یہ ہار گئے ہیں تو کہتے ہیں کہ سینٹ الیکشن میں پیسہ چلتا ہے‘ لاہور آنے کا اصل مقصد ممبر سازی کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ کرنا ہے، پنجاب کے بجٹ کا آدھا بجٹ لاہور پر خرچ کیا گیا ،لاہور پر خرچ کی جانے والی رقم کے پی کے پر خرچ رقم سے تین گنا زیادہ ہے۔ لاہور اور پنجاب کے لوگوں کا آدھا بجٹ سڑکوں پر خرچ ہوجاتا ہے۔ پریس کانفر نس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ کلثوم نواز عرصے سے لندن میں علاج کرا رہی ہیں، اسحاق ڈار بھی علاج کرانے باہر چلے گئے، مسلم لیگ (ن) نے پاکستان میں ایسا کوئی ہسپتال نہیں بنایا جہاں ان کا علاج ہو سکے۔ شہبازشریف نے سارے پیسے اپنی تشہیر پر لگا دیئے لیکن 4 ارب روپے کا ایک ہسپتال نہ بنا سکے۔ حکمران ہسپتالوں‘ تعلیم او رصاف پانی کے منصوبے نہیں لگاتے کیونکہ ان میں پیسہ نہیں بنتا۔ وزیراعظم کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ کسی نہ کسی طرح نوازشریف کو کرپشن سے این آر او مل جائے‘ اب بھی وہی کوشش ہو رہی ہے۔ 2018ء نئے پاکستان کا سال ہے۔ شریف خاندان 30سال سے لاہور پر حکومت کر رہا ہے‘ آج ہر پاکستانی ایک لاکھ 30ہزار روپے کا مقروض ہے۔ شہبازشریف نے پولیس میں اصلاحات کی بجائے وردیاں بدل دیں‘ پاکستان کے ادارے ٹھیک کرکے دکھائیں گے‘ ادارے ٹھیک ہونے سے بیرون ملک پاکستانی اپنا پیسہ لیکر آئیں گے ‘ اورنج لائن ٹرین عوام کی ‘ شہبازشریف خادان کی ضرورت ہے اورنج ٹرین کا مقصد کرپشن کرکے اربوں روپے باہر لے جانا ہے۔ شہبازشریف لندن سے جلدی واپس آئیں کیونکہ حساب لینا ہے۔ شریف برادران اور آصف زرداری کا پیسہ واپس لائیں گے‘ چوری کا پیسہ واپس لاکر ملک کو ٹھیک کریں گے۔ شریف برادران کے اڈیالہ جیل جانے کا وقت آگیا ہے۔ عمران خان اعجاز احمد چودھری کی رہائشگاہ فیصل ٹائون گئے اور انکو بیٹے کی شادی پر مبارکباد دی۔ دوپہر کا کھانا انکے ساتھ کھایا اور انکے والد کی عیادت بھی کی۔ عمران نے 7 سے زائد مقامات پر تحریک انصاف کے ممبر سازی کیمپوں کا دورہ کیا۔ کارکنوں نے انکا زبردست استقبال کیا اور نعرے لگائے۔ عمران نے کہاکہ حکمرانوں کو بتا دیں گے لاہور تحریک انصاف کا ہے ، 2018ء انتخابات کا سال ہے اور عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ کیا نیا پاکستان بنے گا یا مجھے کیوں نکالا کا پاکستان رہے گا۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ شہباز شریف پنجاب سپیڈ پر کام کرتے ہیںانکو بتانا مقصود ہے کہ پنجاب کے 6 کھرب 35 ارب روپے کے بجٹ میں سے صرف لاہور پر 55 فیصد خرچ کیا گیا۔ اس سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو بھی آگاہ ہونا چاہئے کیونکہ جو ان کا بجٹ میں حصہ ہوتا ہے وہ بھی لاہور میں خرچ کردیا جاتا ہے۔