اورنج ٹرین منصوبے کا 86 فیصد کام مکمل‘ پٹڑی بچھانے کا عمل جاری ہے: خواجہ حسان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ جی پی او چوک سے سپریم کورٹ رجسٹری کی طرف جانے والی سڑک کو تعمیر نو کے بعد ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے جبکہ نابھہ روڈ چوک آئندہ 10دنوں میں کھولنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈیرہ گجراں سٹیشن نمبر ایک سے نکلسن روڈ سٹیشن نمبر 10 سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لئے پٹری بچھانے کا کام تیز کر دیا ہے۔ چینی کنٹریکٹرسی آر نورنکو نے اس مقصد کے لئے 400افراد کام پر لگا دیئے ہیں۔ وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 86.20 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 90.44فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاﺅن تک پیکیج ٹو کا 80.38 فیصد‘ پیکیج تھری ڈپو کا 86.91فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 87.89 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ منصوبے کا 50.39فیصد الیکٹریکل و مکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں چیف انجینئر ٹیپا مظہر حسین خان اور لیسکو‘ پی ٹی سی ایل‘ سوئی گیس‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس‘ سول ڈیفنس‘ ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئرنگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔