سٹاک مارکیٹ : کاروباری ہفتہ کے دوران ایک کھرب 9 ارب کی نئی سرمایہ کاری

01 اپریل 2018

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتہ پیر تا جمعہ تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 530.08 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 45560.30 کی بلند ترین سطح پر بند ہوا، سرمایہ میںایک کھرب 9 ارب 56 کروڑ 71 لاکھ 36 ہزار 791 روپے کا اضافہ رونما ہوا جبکہ خرید و فروخت میں 18 لاکھ 90 ہزار 800 حصص کی تیزی ہوئی تاہم تجارتی حجم میں 8 کروڑ 72 لاکھ 57 ہزار 282 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروباری ہفتہ پیر تا جمعہ پی ایس ایکس میں اتار چڑھاﺅ کے بعد تیزی کا رجحان رہا، پیر کے روز کے ایس ای 100انڈیکس میں 53.35پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، منگل کو انڈیکس میں 79.38 پوائنٹس کی مندی ہوئی، بدھ کے روز 168.80 پوائنٹس کا اضافہ رونما ہوا، جمعرات کے روز سٹاک مارکیٹ میں تیزی رہی اور انڈیکس میں 316.63 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور جمعہ کے روز تیزی کا تسلسل برقرار رہا اور انڈیکس میں 70.68 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 530.08 پوائنٹس کے اضافے سے 45100، 45200، 45300، 45400 اور 45500 کی پانچ نفسیاتی بالائی حدیں عبور کرتے ہوئے 45560.30 کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ کے ایس ای 30انڈیکس میں مثبت رجحان کے باعث انڈیکس میں تیزی رہی اور مجموعی طور پر 231.74 پوائنٹس کی تیزی سے 22801.34 پر بند ہوا۔کے ایم آئی انڈیکس میں مجموعی طور پر 330.64 پوائنٹس کا اضافہ رونما ہوا اور انڈیکس 22528.69 پر بند ہوا۔ مارکیٹ میںپر 1854 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں 867 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 888 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں مندی اور 99 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔