کئی عد التی فیصلے تاریخ بھی نہیں مانتی‘ عوام کے درست ہوتے ہیں: وزیراعظم

01 اپریل 2018

ڈیرہ غازیخان (خبرنگار+ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے سینٹ کے الیکشن میں کرپشن نہیں کی گئی تو جو لوگ میرے بیان پر باتیں کررہے ہیں وہ بیان حلفی دیں ایوان بالا کے چیئرمین کے انتخاب میں کرپشن نہیں ہوئی۔ نوازشریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں، آنے والے الیکشن میں اپنی عوامی کارکردگی کی وجہ سے شاندار کامیابی حاصل کریں گے۔ وہ ڈیرہ غازیخان میں نادرن بائیپاس اور سخی سرور تا بواٹہ روڈ کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا چیئرمین سینٹ اور سینیٹرز پریس کانفرنس کرکے بیان حلفی دیں انہوں نے سینٹ کے الیکشن میں ممبران کو نہیں خریدا۔ بعض لوگوں کو میرے اس بیان سے تکلیف ہوتی ہے لیکن میں ہر حال میں ایوان بالا کے تقدس کی بات کرتے ہوئے سینٹ الیکشن میں ہونے والی کرپشن کی بات ضرور کروں گا۔ انہوں نے کہا آنے والے الیکشن میں بھرپور کا میابی حاصل کریں گے۔ کبھی ہمیں عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے اور کبھی دھرنوں کے ذریعے حکومت گرانے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کو عوام کے دلوں سے کوئی بھی نہیں نکال سکتا۔ اس وقت 200 ارب کے منصوبے سوئی گیس کے شروع کے گئے ہیں جبکہ دس لاکھ سوئی گیس کے نئے کنکشن دئیے جارہے ہیں جبکہ سڑکوں کے ذریعے پورے ملک میں عوام کو زبردست سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لیکن عوام کی عدالت میں نواز شریف سرخرو ہونگے۔ انہوںنے کہا 2008ء سے قبل ملک میں آمریت تھی اور 2008ء کے الیکشن میں آصف زرداری کی حکومت آئی کی آصف زرداری نے جو ملک کے ساتھ کیا وہ سب کے سامنے ہے پھر عوام نے 2013ء کے الیکشن میں میاں نوازشریف کو منتخب کیا۔ نواز شریف نے اس ملک اور قوم کو اندھیروں سے نکالا۔ انہوں نے بجلی، سوئی گیس اور سی پیک کے منصوبے ملک کو دئیے جس سے ملک آج خوشحالی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ وزیراعظم نے ڈیرہ غازیخان ایئرپور ٹ کا نام سابق صدر سردار فاروق خان لغاری کے نام پر رکھنے جبکہ چوٹی، سخی سرور اور ڈیرہ غازیخان شہر کے مضافاتی علاقوں کے لیے سوئی گیس فراہم کرنے کا اعلان کیا اور کہا غازی یونیورسٹی کو مستقل وائس چانسلر بھی دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج میں 20سال بعد ڈیرہ غازیخان آیا ہوں یہ ضلع چاروں صوبوں کے سنگم میں واقع ہے۔ قبل ازیں انہوں نے اپنے خطاب میں کہا ہم ووٹ کے ذریعے تبدیلی کے حق میں ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے۔ میاں نواز شریف نے جنوبی پنجاب کی تقدیر بد ل کر رکھ دی ہے۔ ملتان تا سکھر موٹر وے کا افتتاح بہت جلد کیا جائے گا جبکہ شور کوٹ اور گوجرہ موٹروے کا افتتاح مئی میں کیا جائے گا۔ انہوںنے ڈیرہ غازیخان میں خواتین کے علیحدہ نادرا سنٹر اور غازی یونیورسٹی کے لئے مستقل وائس چانسلر دینے کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا عمران خان ایک طرف آصف زرداری کو کرپٹ کہتے ہیں اور دوسری طرف سینٹ کے الیکشن میں آصف زرداری سے اتحاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ڈیرہ غازیخان کو انڈسٹریل ایریا بنایا جائے جبکہ چوٹی اور سخی سرور کو سوئی گیس دی جائے جبکہ کوہ سلیمان کی رودکوہی کے پانی کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈیمز بنائے جائیں۔