ایسٹر آج منایا جائے گا ،مسیحی عبادتگاہوں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

01 اپریل 2018

لاہور (نوائے وقت نیوز + نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج (اتوار )کو ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منائے گی،اس دن کی مناسبت سے گر جا گھروں میں خصوصی عبادات کی جائیں گی ،لاہور سمیت ملک بھر کے گر جا گھروں کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں بسنے والے مسیحی آج اتوار کو اپنا تہوار ایسٹر مذہبی جوش و خروش سے منائیں گے۔ ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہے۔ اس سے قبل 40روزے رکھے جاتے ہیں۔ ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المیسح بھی کہا جاتا ہے۔اس دن کی مناسبت سے مسیحی عبادتگاہوں میں خصوصی عبادات کی جائیں گی جس میں ملک و قوم کی سلامتی کے بھی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔لاہور سمیت ملک بھر میں آج کے دن کیلئے سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیاگیا ۔مسیحی عبادتگاہوں کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جسکے تحت گرجا گھروں کے اندر اور باہر پولیس اہلکار تعینات رہیں گے جبکہ عبادت کیلئے آنے والوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی ۔ گرجا گھروں کی طرف آنے والے راستوں پر ناکے لگائے جائیں گے جبکہ پولیس اور ایلیٹ فورس کے کمانڈوز اطراف میںپیٹرولنگ کریں گے۔دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایسٹر کے پرمسرت موقع پر مسیح برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیح برادری کو مبارک باد دی ہے۔ سپیکر نے کہا کہ مسیح برادری حضرت عیسٰی علیہ السلام کے دوبارہ زندہ ہونے کی خوشی میں چالیس روزوں کے اختتام پر ایسٹر کا تہوار مناتی ہے۔ انھوں نے دعا کی کہ ایسٹر پوری مسیح برادری کے لیے خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہو۔ انہوں نے کہا حضرت عیسٰی علیہ السلام کو اللہ تعالی نے محبت، رواداری اور بھائی چارے کی تبلیغ کے لئے مبعوث کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی محبت کا پیغام آج بھی سب قومیتوں اور برادریوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دنیا میں امن کو یقینی بنانے کے لئے مشعل راہ ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھی ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیح اراکین پارلیمنٹ اور مسیح برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیح برادری کے کردار کو سراہا۔ شہباز شریف نے ایسٹر کے تہوار کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباددیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ایسٹر اپنی ذات سے بالاتر ہوکربے آسرااور مستحق افراد کیساتھ وقت گزارنے اورخوشیاںباٹنے کانام ہے اور پیار ،محبت اورخوشیاں باٹنا اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔انہوںنے کہا کہ ایسٹر انسانی زندگی میں بھلائی اور صالح اوصاف کی طرف مائل ہونے کے جذبہ کا مظہر ہے۔ دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق تمام انبیاء کرام کی عزت و توقیر کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔انہوںنے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سمیت تمام انبیاء پر ایمان لانا دین اسلام کا لازمی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتی برادریوں کا کردار قابل تحسین ہے۔ آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر ساری دنیا کے مسیحیوں کو بالعموم اور پاکستان کی مسیحی برادری کو بالخصوص مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی جانب اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے تمام مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر ہماری دعا ہے کہ ہم دیانتداری اور خلوص کے ساتھ ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔

نفس کا امتحان

جنسی طور پر ہراساں کرنے کے خلاف خواتین کی مہم ’می ٹو‘ کا آغاز اکتوبر دو ...