مجھے اپنی مٹی اور ثقافت پر فخر ہے: ملالہ‘ ساڑھے 5 سال بعد سوات آمد پر آبدیدہ

01 اپریل 2018

سوات ( نامہ نگار)نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی ساڑھے 5 سال بعدمختصر دورے پر اپنے آبائی علاقے سوات پہنچ گئیں۔ملالہ یوسفزئی بذریعہ ہیلی کاپٹر اسلام آباد سے سوات پہنچیں، جہاں اعلیٰ فوجی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ دورے کے موقع وزیرمملکت برائے انفارمیشن مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں،سوات پہنچنے کے بعد ملالہ یوسف زئی سب سے پہلے اپنے آبائی گھر پہنچیں ،پرانے گھر میں داخل ہوتے ہی ملالہ آبدیدہ ہوگئیں۔ اس موقع پر ان کے والد نے انہیں دلاسہ دیا۔ آبائی گھر میں ملالہ یوسف زئی کی پرانی سہیلیوں اور رشتہ داروں سے خوشگوار ملاقات ہوئی ، بعد ازاں ملالہ یوسف زئی دیگر اہل خانہ کے ہمراہ اپنے پرانے اسکول خوشحال پبلک اسکول پہنچی جہاں پر اس نے اپنے اساتذہ اور دیگر ساتھیوں سے ملاقات کی ،اس دورے کے دوران ملالہ کیڈٹ کالج سوات بھی گئیں اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ملالہ یوسفزئی نے لکھا حملے کے تقریباً ساڑھے 5 سال بعد وادی سوات کا یہ میرا پہلا دورہ ہے۔ مجھے اپنی مٹی اور اس کی ثقافت پر فخر ہے۔ کیڈٹ کالج نہایت خوبصورت ہے اور میں اپنے خیر مقدم پر پرنسپل اور عملے کی شکر گزار ہوں۔ دعائیں اور نیک تمنائیں۔وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب بھی دورہ سوات میں ملالہ یوسف زئی کے ہمراہ گئیں۔کل مکئی نے سوات کیڈٹ کالج کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کالج سٹاف سے بھی ملاقات کی۔ملالہ یوسفزئی نے سوات کالج میں طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تعلیم مکمل کرکنے کے بعد سوات واپس آئوں گی۔ سوات آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا سوات جنت کا ٹکڑا ہے۔ دنیا میں ایسی جگہ نہیں ہے۔ سوات میں فورسز کی قربانیوں کے بعد امن آیا ہے۔ اپنے گھر آکر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔سوات دورے کے موقع پر ملالہ اور اس کے والد ضیاء الدین نے کہا کہ پرامن سوات دیکھ کر دل بہت خو ش ہوا جب ہم سوات سے گئے تھے تو اس وقت ہماری آنکھیں خود پر ہونے والی مصیبت کی وجہ سے بند تھیں لیکن آج جنت نظیرپرامن سوات کو کھلی آنکھوں سے دیکھ کر یقین نہیں ہورہا،یوں محسوس ہورہا ہے جیسے خواب دیکھ رہاہوں، ملالہ نے کہا کہ سوات میں لڑکیوں کوآزادی کے ساتھ اسکول جاتے دیکھ کر دل میں محسوس ہونے والے احساسات کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہورہا ہے تاہم دلی دعا ہے کہ سوات اسی طرح امن کا گہوارہ رہے ، انہوں نے کہا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد واپس وطن آکر یہاں کی لوگوںکی خدمت کرنے کی آرزو ہے ، مختصر دورے کے بعد ملالہ یوسف زئی دیگر اہل خانہ کے ہمراہ واپس روانہ ہوگئی۔