اقتصادی راہداری کی فعالیت سے بیمہ انڈسٹری کی اہمیت میں اضافہ ہو گا، ممنون حسین
کراچی (این این آئی) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے ثمرات موثر ٹیم ورک کے ذریعے ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ مستقبل قریب میں اقتصادی راہداری کی مکمل فعالی کے بعد وطنِ عزیز میں جب صنعت و تجارت کے نئے رجحانات فروغ پائیں گے تو اِس پس منظر میں بیمہ انڈسٹری کی اہمیت میں مزید اضافہ اور نوعیت میں بڑی حد تک تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ اس تناظر میں یہ سیمینارایک غیر معمولی علمی سرگرمی کی حیثیت رکھتا ہے جو مستقبل میں عوا م اور بالخصوص کاروباری طبقے کی راہنمائی کا ذریعہ بنے گا۔۔صدر مملکت نے کہا کہ گز شتہ چند دہائیوں کے دوران میں وطنِ عزیز میں تجارتی شعبہ کافی حد تک منظم ہوا ہے اور اس میں جدتیں پیدا ہوئی ہیں ۔ انتظامی تجارت سمیت دیگر پیشہ وارانہ شعبوں میں تعلیم حاصل کرکے اس شعبے میں آنے والے نوجوانوں نے بہت سے جدید رجحانات اِس شعبے میں متعارف کرائے ہیں لیکن اس کے باوجود اِن معاملات میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا صنعتی اور تجارتی بیمے سے متعلق مسائل کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ بڑے صنعتی اور تجارتی مراکز سے دور مختلف علاقوں کے کاروباری ادارے ابھی تک تجارت کے روایتی طور طریقوں کے مطابق ہی کام کر تے ہیں۔ یہ سیمینار اور اِس جیسی دیگر علمی سرگرمیاں بیمے سے متعلق مسائل کے حل میں معاون بننے کے علاوہ انتظامِ تجارت کے طریقوں میں بہتری لانے کا ذریعہ بھی بنیں گی۔صدر مملکت نے کہا کہ زمانہ انسانی ترقی کے ضمن میں اپنی پیش رفت اور کامیابیوں کے تعلق سے پہچانا جاتا ہے۔ہمارا یہ عہد پاک چین اقتصادی راہداری جیسے عظیم الشان منصوبے سے منسوب ہو گا ، یہ راہداری اکیسویں صدی کامونومنٹ اوراس کی شناخت ہے کیونکہ دو ملکوں کے درمیان وجود میں آنے والی یہ عظیم شاہراہیں دنیا کے مختلف خطوں کو قریب کر کے تاریخ میں ایک نئی کروٹ پیدا کریں گی۔