شمالی وزیرستان آپریشن، کالعدم بی ایل اے کادہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

01 اپریل 2018

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مستونگ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ شمالی وزیرستان کے علاقے شرازا الگاد میں بھی آپریشن کیا۔ آپریشن کابو میں کالعدم بی ایل اے کے مشتبہ دہشت گرد ٹھکانے پر کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک دو زخمی ہو گئے۔ دہشت گرد کی فائرنگ سے ایک جوان شہید ہو گیا۔ شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران اسلحہ و گولہ بارود کی بڑی تعداد برآمد کرلی۔ برآمد اسلحہ میں سب مشین گن، رائفلز، پستولیں، گرنیڈ، گولیاں، راکٹ لانچرز، ماٹرز، لائٹ مشین گن سمیت مختلف نوعیت کا اسلحہ شامل ہے۔
مستونگ (نامہ نگار/محمد جاوید )کابو کے پہاڑوں میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا‘ مقابلے میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا جبکہ بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ مستونگ کے علاقے کابو کے پہاڑوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی اداروں کی کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کے مشتبہ ٹھکانوں پر مشترکہ کارروائی اور سرچ آپریشن کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے اہک دہشت گرد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ‘ گولہ بارود‘ مشین گن‘ راکٹ لانچر اور دیگر اسلحہ بارود برآمد ہوا ہے۔ مزید گرفتاریوں کیلئے سیکیورٹی اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔