سیاست میں ذاتیات آگئی، ملک کو کمٹمنٹ کی ضرورت ہے: خواجہ آصف

01 اپریل 2018

سیالکوٹ (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پانچ برس کے بعد واپس پاکستان آئی ہے اور ملالہ نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، پاکستانی خواتین ہر شعبہ میں ملک وقوم کی تعمیر وترقی او رخوشحالی کیلئے جدوجہد کررہی ہیں جن میں بے نظیر بھٹو دو مرتبہ وزیراعظم پاکستان بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی کالج کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب میں کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی حاجی چوہدری محمد اکرام ،میئر توحید اختر اور دیگر بھی موجود تھے۔ خواجہ محمد آصف نے مزید کہا ہے کہ ملالہ یوسف پر ہمیں فخر ہے۔ بے نظیر بھٹو دو مرتبہ وزیراعظم پاکستان بنیںاور ملک وقوم کی خدمت کی اور ان کا نام بھی ہمیشہ یاد رہے گا۔ پاکستان کو وسائل کی کوئی کمی نہیں، پاکستان پوری تیزی سے ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پرگامزن ہے جس کا کریڈٹ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔ ہمارے ذاتی وگروہی مفادات قومی مفادات پر سبقت لے گئے ہیں اور ذاتی مفادات رکھنا بری بات نہیں لیکن ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا جینا پاکستان کے ساتھ ہے اور ہم دن رات پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے ۔ آئندہ حکومت بھی مسلم لیگ (ن) کی ہوگی اور مخالفین منفی سیاست کی وجہ سے عبرتناک شکست سے دوچار ہونگے۔ پاکستان میںاس سیاست میں وقت شدید اختلاف ایک مضمون بن چکا ہے، سیاست میں ذاتیات آ گئی ہے، ملک کو محبت اور کمٹمنٹ کی ضرورت ہے۔ خواجہ آصف کے ساتھ طالبات سیلفیاں بنواتی رہیں اور وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف طالبات کے درمیان خوش ہوتے رہے اور سیفلیاں بنواتے رہے۔
خواجہ آصف