بلوچستان کے فیصلے اب لاڑکانہ یا لاہور میں نہیں کوئٹہ میں ہوا کرینگے: وزیراعلیٰ قدوس بزنجو
قلات (عبداللہ لہڑی) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ اب بلوچستان کے فیصلے اسلام آباد‘ لاہور‘ مری اور لاڑکانہ میں نہیں ہوں گے بلکہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہوا کریں گے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی قبول کریں یا نہ کریں صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ ہیں اور رہیں گے وزیراعظم اپنے سابق نااہل وزیراعظم کو بچائیں پھر چیئرمین سینیٹ کے خلاف باتیں کریں‘ ن لیگ اور وزیراعظم کو چیئرمین سینیٹ ہضم نہیں ہو رہا مگر ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں اگر چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی تو ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے میری خواہش ہی کہ بلوچستان کے ہر شہر میں بی آر سی کیڈٹ کالج بنائوں سابق حکومت نے میر خالد لانگو کے فنڈز روک رکھے ہیں ہم نے انہیں بحال کر دیا ہے‘ وزیراعلیٰ نے قلات پریس کلب کیلئے 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خالق آباد منگچر میں تقریب سے خطاب اور قلات میں بی ایس کے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میر ضیاء لانگو‘صوبائی وزرا پرنس علی بلوچ‘ محمد خان لہڑی‘ میر عامر رند اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم خان غلزئی‘ ڈپٹی کمشنر قلات سید زاہد شاہ‘ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دوستین دشتی اور دیگر صوبائی و ضلعی افسران و قبائلی رہنماء بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران سینکڑوں کی تعداد میں درخواستی گروپ نے اپنی دراخواستیں وزیراعلیٰ بلوچستان کو دینے کی کوشش کی مگر وزیراعلیٰ تک نہ پہنچ سکیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم اور ن لیگ کو بلوچستان سے تعلق رکھنے والے چیئرمین سینیٹ ہضم نہیں ہو رہے وہ بلوچستان کے چیئرمین سینیٹ کو نکالنا چاہتے ہیں مگر ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ غیر آئینی طریقے سے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی بھرپور مخالفت کریں گے اور عدم اعتماد کی صورت میں بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت گیا ہے جب بلوچستان کے مستقبل کے فیصلے اسلام آباد‘ لاہور‘ مری‘ لاڑکانہ میں ہوا کرتے تھے اب ہم اپنے فیصلے کوئٹہ میں بیٹھ کر کریں گے اور آنے والا وزیراعظم بھی بلوچستان سے ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی ایک بڑی طاقت بن کر ابھرے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ترقی و خوشحالی کیلئے صوبائی حکومت اقدامات کر رہی ہیں میر ی خواہش ہی کہ صوبہ کے تمام اضلا ع میں کیڈیٹ کالچ اور بی آرسی کالجز ہوں جس کیلئے میں کوشش کر رہا ہوں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے ڈگری کالج قلات کے بی ایس کے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے ۔
قدوس بزنجو