دینی مدارس اسلام کے قلعے‘ مٹانے والے خود مٹ جائیں گے‘ غفور حیدری

01 اپریل 2018

کراچی (خصوصی رپورٹر) دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں‘ مدارس کے خلاف ہر سازش ناکام ہو گی ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل‘ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری‘ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان‘ صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان اور دیگر نے جامعہ عثمانیہ شیرشاہ کے سالانہ جلسہ دستار فضیلت و تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے جامعہ کے شیخ الحدیث مولانا قاری مفتاح اللہ‘ قاری اللہ داد‘ مولانا عطاء الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ علماء نے سیاسی ماحول میں بھی اپنے دامن کو بچاکے رکھا ہے‘ کروڑوں روپے ٹھکرانے والے اور اپنے ضمیر کا سودا نہ کرنے والے بھی دینی مدارس کے علماء ہی ہیں‘ خفیہ سازش کے ذریعے ختم نبوت کی شق کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پوری جرأت سے اس کا مقابلہ بھی جمعیت علماء اسلام اور دیگر دینی جماعتوں نے کیا۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں اسلام ہمیشہ کیلئے ہے اس کو مٹانے والے خود مٹ جائیں گے‘ مسلمان ہر بات برداشت کر سکتا ہے لیکن رحمت عالم ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ علماء نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سیکولر لابی کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی بیرونی ایجنڈوں پر کام کرنے والے سیکولر لابی کو بدترین شکست کا سامان ہو گا۔ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہاکہ دینی مدارس اشاعت اسلام کی خدمت میں مصروف ہیں‘ مدارس کو ناکام کرنے کیلئے ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ جے یو آئی نے بڑی جرأت کے ساتھ کیا ہے۔ قاری مفتاح اللہ نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے کہاکہ قرآن کریم کے بعد تمام کتب میںسب سے زیادہ صحیح اور افضل کتاب بخاری شریف ہے اس کتاب کو اتنا بڑا مقام امام بخاری ؒ کے اخلاص و للہیت کی وجہ سے ملا اور آخری حدیث بھی امام بخاری ؒ نے جو ذکر کی ہے اس میں بھی اسی بات کی طرف اشارہ ہے انسان کو مرنے کے بعد والی زندگی ہمیشہ مستحضر رہنی چاہئے اور اسی کیلئے انسان کو کوشاں رہنا چاہئے کیونکہ قیامت کے دن انسان کے اعمال کا وزن اس کے اخلاص ہی کی وجہ سے ہو گا۔ آخرمیں اس سال جامعہ عثمانیہ شیرشاہ کے مختلف شعبہ جات سے فارغ ہونے والے 44طلباء کی دستار بندی کی گئی اور انہیں انعامات سے نوازا گیا۔تقریب میں شہر بھر کے جید علماء کرام سمیت اہلیان علاقہ نے بھر پور شرکت کی۔
غفور حیدر